پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے چار وزراء کو تاحال قلمدان نہ مل سکے۔ عاطف خان، شکیل خان، فضل شکور، فیصل امین تین ہفتے گزرنے کے باوجود قلمدان سے محروم ہیں۔
خیبر پختونخوا کے چار وزراء عاطف خان، شکیل خان، فضل شکور اور فیصل امین نے 13 اپریل کو حلف اٹھایا تھا لیکن تاحال ان کو محکموں کے قلمدان نہیں مل سکے۔
ذرائع کے مطابق چاروں وزراء کو قلمدان سونپنے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ عاطف خان کو آبپاشی، فیصل امین کو زراعت دیا جائیگا۔ شکیل خان کو ریونیو اور فضل شکور کو قانون کا قلمدان دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چاروں وزراء کے قلمدان اور مشیر لینے کا اعلامیہ عید کے بعد کیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا میں اس وقت وزیراعلیٰ سمیت دیگر صوبائی کابینہ کی تعداد 17 ہے۔