خیبرپختونخوا کے بورڈ آف ریونیو میں موجود کالی بھیڑوں کی شامت آگئی

Published On 11 May,2021 10:53 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے بورڈ آف ریونیومیں موجود کالی بھیڑوں اور رشوت خور ملازمین کی شامت آگئی، عوامی شکایات اور بدعنوانی کے الزامات پر 110 اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، 12 اہلکاروں کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا۔

بورڈ آف ریونیو حکام کے مطابق رشوت ستانی اور بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اہلکاروں پر الزامات کی تحقیقات کے بعد 110 اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں جس میں 12 اہلکاروں کو برخاست کیا گیا جبکہ 12 کو معطل کر دیا گیا۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ زمینوں سے متعلق درپیش مسائل کے حل سمیت انتقال اور فرد نمبر حاصل کرنے کے لیے بھی رشوت دینی پڑتی ہے۔ شہریوں نے محکمے میں موجود رشوت خور اہلکاروں کے خلاف اقدامات کو سراہا۔ بورڈ آف ریونیو حکام کے مطابق محکمے میں موجود اہلکاروں کے خلاف عوامی شکایات اور الزامات کے بعد مزید 65 انکوائریاں بھی جاری ہیں۔