لیگی صدر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی گئی

Published On 12 May,2021 05:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی سفارش کر دی گئی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے مشیر داخلہ شہزاد اکبر کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کی، شریف خاندان کے 5 لوگ مفرور ہے، آئین کے تحت کسی ایک ملزم کو خصوصی رعایت نہیں دی جا سکتی۔

 انہوں نے کہا کہ بلیک لسٹ میں نام پاسپورٹ آفس ڈالتا ہے، ای سی ایل میں نام کابینہ کمیٹی نے کرنا ہے، کابینہ اجلاس سے اس فیصلے کی توثیق کی جائے گی، پندرہ روز کے اندر شہباز شریف نظر ثانی کی درخواست دے سکتے ہیں، وزارت داخلہ نوے روز میں اس درخواست کا فیصلہ کرے گی۔ شہباز شریف خود بھی کمیٹی کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کو بھی ری ویو کرینگے، تحریک لبیک کو بھی خود پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، ٹی ایل پی کے 1677لوگوں کو رہا کر دیا گیا ہے، عمران خان عاشق رسولﷺ ہے، ہم نے لبیک یا رسول اللہ ﷺکا نعرہ لگایا، عمران خان مدینہ کی گلیوں میں ننگے پاوں پھرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد بن سلمان ہمارے دوست ہیں، فطرانے اور چاولوں والی سوچ نابالغوں کی سوچ ہے، شہباز شریف کا مقدمہ احتساب عدالت لاہور میں چل رہا ہے، شہباز شریف کیخلاف متعدد کیسز زیر سماعت ہیں، حدیبیہ پیپر ملز کا کیس ابھی حل نہیں ہوا، کسی کیس میں نئے شواہد ملے تو اسے دوبارہ کھولا جا سکتا ہے، مسلم لیگ ن عوام کو گمراہ کرنے کی ماہر ہے، حدیبیہ پیپر ملز میں شریف خاندان کی بریت نہیں ہوئی، شہباز شریف بیرون ملک بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے، ماضی میں یہ ڈیل کرکے جدہ چلے گئے تھے۔ حدیبیہ پیپر مل کے کیس کو میل ملاپ کرکے بند کر دیا گیا۔ جو کیس کبھی عدالت میں چارج شیٹ نہیں ہوا اس نے بند ہی ہونا تھا۔ شریف خاندان منی لانڈرنگ میں ملوث ہے۔ 90اور دوہزار کے بعد کی دھائی میں شریف نے ترقی کی۔

شہباز کو باہر جانے دیا گیا تو کیسز التوا کا شکار ہو جائیںگے: مشیر داخلہ

اس دوران مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے بتایا کہ لیگی صدر میاں شہباز شریف پر مختلف عدالتوں میں کیسز چل رہے ہیں، شہباز کو باہر جانے دیا تو تمام کیسز التواء کا شکار ہو جائیں گے، تحقیقاتی ادارے کا اختیار ہے کسی بھی ملزم کو روک لے، کابینہ سے منظوری کے بعد شہباز کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا۔

نیب کی درخواست

یاد رہے کہ منی لانڈرنگ ریفرنس کے مرکزی ملزم شہباز شریف اور دیگر تمام شریک ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا سفارشی لیٹر منظر عام پر آیا تھا۔ لیٹر میں سپریم کورٹ میں لاہور ہائیکورٹ کی ای سی ایل میں ملزمان کے نام شامل نہ کرنیکی رولنگ کو چیلنج کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

ذرائع کےمطابق لیٹر میں کہا گیا کہ ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد پر مبنی ریفرنس 20 اگست 2020 کو احتساب عدالت لاہور کے روبرو دائر ہوا جس پر عدالتی کارروائی جاری ہے، نیب کی جانب سے معزز سپریم کورٹ سے استدعا کی جائے کہ ملزم شہباز شریف کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ٹرائل میں موجودگی انتہائی ضروری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ ریفرنس کے مرکزی ملزم شہباز شریف و دیگر ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں، ملزم شہباز شریف کی لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت کے حالیہ تفصیلی فیصلہ کے بعد نیب کیجانب سے اگلے ممکنہ لائحہ عمل پر مشاورت بھی جاری ہے۔

لیگی صدر کیخلاف ایف آئی اے کو متحرک کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، مشیر داخلہ شہزاد اکبر۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر شریک تھے۔

اجلاس کے دوران شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکلنے کے بعد مشیر داخلہ شہزاد اکبر کو فوری طور پر لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنیکی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کیخلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیاگیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے عید الفطر کے بعد مشیر داخلہ شہزاد اکبر سے حدیبیہ پیپر ملز کیس پر ورکنگ کر کے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایف آئی اے ہی حدیبیہ پیپر ملز کیس کے حوالے سے کام کرے۔

حدیبیہ پیپر ملز کی تفتیش نئے سرے سے شروع کرنے کا فیصلہ

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے نے فیصلہ کیا تھا کہ حدیبیہ پیپر ملز کا مقدمہ نئے سرے سے تفتیش کا متقاضی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو تفتیش نئے سرے سے شروع کرنے کی بدایات دی جارہی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان کو قانونی ٹیم نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کے مقدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ٹویٹر پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا کہ حدیبیہ پیپر ملز کا مقدمہ نئے سرے سے تفتیش کا متقاضی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو تفتیش نئے سرے سے شروع کرنے کی بدایات دی جارہی ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ حدیبیہ کا مقدمہ شریف خاندان کی کرپشن کا سب سے اہم سرا ہے، اس مقدمے میں لیگی صدر شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن ، سابق وزیراعظم نواز شریف مرکزی ملزم کی حیثئیت رکھتے ہیں جو طریقہ حدیبیہ میں پیسے باہر بھیجنے کیلئے استعمال ہوا اسی کو بعد میں ہر کیس میں اپنایا گیا۔ اس لئے اس کیس کو انجام تک پہنچانا از حد اہم ہے۔

 

Advertisement