فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف تو کورونا سے لڑنے کیلئے لندن سے آئے تھے اور اب لندن جانے کیلئے خود لڑتے پھر رہے ہیں۔ عید پر شہباز شریف میٹھا کھا لیں، عید کے بعد انہیں قوم کے لوٹے ہوئے پیسے کا حساب دینا ہوگا۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اپنی 14 ارب روپے کی گندم کی کرپشن چھپانے کیلئے چوہوں پر الزام لگا دیا کہ چوہوں نے گندم کھا لی ہے۔ ہمیں یہ بتایا جائے کہ بلاول ہاوّس میں کون سے ایسے چوہے پالے گئے ہیں جو 14 ارب روپے کی گندم کھا جاتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کونسا نیا ایزی لوڈ کروا لیا ہے جس سے حکومت کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ مولانا صاحب میٹھی عید پر گھر بیٹھ کر حلوہ کھائیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکمران سعودی عرب اپنے ذاتی تعلقات کی خاطر جایا کرتے تھے جبکہ عمران خان سعودیہ کی جیلوں میں بند پاکستانی قیدیوں کی رہائی یقینی بنانے کا معاہدہ کرکے آئے ہیں۔ فطرانے اور زکوۃ کی بات کرنے والے حکمرانوں نے گزشتہ کئی سالوں کے دوران اس ملک و قوم کا مال لوٹ کر کھالیا۔ سابقہ حکمرانوں کی لوٹ مار سے انکی بھوک تو نہیں مِٹی لیکن عوام کی غربت میں ضرور اضافہ ہوگیا ہے۔
اسرائیلی جارحیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عالم اسلام فلسطین میں ہونے والی اسرائیلی جارحیت کی بھوپور مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ سے مطالبہ بھی کرتا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔