لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ لاہور میں کورونا کے کیسز میں کمی ہونا چاہیے تھی لیکن ایسا نہیں ہوا، یہاں کیسز کی تعداد زیادہ ہے۔ لاہور میں ایس او پیز پرعملدرآمد کے لیے سختی کرنا پڑے گی
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے رجسٹرڈ ویکسین لگانے کی اجازت دی گئی ہے اور کوئی بھی منگوا سکتا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر میں لگنے والی ویکسین کا ڈیٹا بھی ہمارے پاس موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 22 لاکھ 25 ہزار سے زائد لوگوں کو پنجاب میں ویکسین لگا چکے ہیں۔ دو ویکسین لگنے سے نادرا ایک کارڈ جاری کر دیتا ہے۔ این سی او سی تمام معلومات نادرا سے شیئر کرتا ہے۔
تعلیمی اداروں کی بندش کے بارے میں بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سکول بند ہونے سے بہت تکلیف ہوتی ہے۔ بچوں کا بہت زیادہ وقت ضائع ہوا ہے۔ سکول کب تک کھلیں گے؟ ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ اللہ خیر رکھے، کورونا کے کیسز کم ہوئے تو پھر انھیں کا سوچا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایسٹرازینکا کی ہدایات ہیں کہ یہ چالیس سال کی عمر سے زائد والوں کو لگائی جائے۔ تمام یورپ میں لوگوں کو ایسٹرازنیکا ویکسین ہی لگی ہے۔ اس کے سائیڈ ایفیکٹس بہت کم لوگوں میں پائے گئے تھے۔ ایسٹرازنیکا ختم ہونے کے بعد سائنو ویکس شروع کریں گے۔