سندھ اسمبلی اجلاس، مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

Published On 21 May,2021 08:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی،وزیر اعلٰی سندھ نے قرار پیش کرنے کیلئے ایوان کا ایجنڈہ ملتوی کرنے کیلئے تحریک التوا پیش کی۔

تفصیل کے مطابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں فلسطین میں اسرائیل کی بربریت کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما فردوش شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ جب تک مسلمان طاقتور نہیں ہوں گے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ جماعت اسلامی کے سید عبدالرشید اور ایم کیو ایم کے کنورنوید جمیل نے کہا کہ مسئلہ فلسطین دراصل دو ارب مسلمانوں کی عزت کا مسئلہ ہے۔

صوبائی وزرا اور ایوان میں موجود تمام جماعتوں کے اراکین نے بھی قرارداد پر اظہار خیال کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے صحافیوں اور میڈیا پرسنز کے تحفظ کا بل ایوان میں پیش کیا جسے سٹیرنگ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔ سپیکر نے اسمبلی کا اجلاس پیر تک کیلئے ملتوی کر دیا۔