انتخابات ملتوی کرنا این سی او سی کے دائرہ اختیار میں نہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

Published On 30 May,2021 10:41 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے این سی او سی کی جانب سے الیکشن ملتوی کرنے کی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قومی ادارے کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔

تفصٰل کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے این سی او سی کے خط کے حوالے سے دریافت کیا۔ راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو ملتوی کرنا این سی او سی یا الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ انتخابات صرف اسی صورت ملتوی ہو سکتے ہیں جب ریاست میں خانہ جنگی کی کیفیت ، بیرونی جارحیت یا سول نافرمانی ہو۔ ایک ایسے وقت میں جب ملک بھر میں کورونا کیسز کم ہو رہے ہیں این سی او سی کی جانب سے انتخابات کے التوا کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ الیکشن کے التوا کا اختیار صرف قانون ساز اسمبلی کو ہے جو آئینی ترمیم کے ذریعے اس میں اضافہ کر سکتی ہے، الیکشن کمیشن کو بھی یہ اختیار ہمارے آئین کے تحت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے آئین کے تحت این سی او سی کا دائرہ کار یہاں تک نہیں ہے۔ پی ٹی آئی سیاسی فائدے کے لئے انتخابات ملتوی کرنا چاہتی ہے۔ دوران گفتگو میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جو آزاد کشمیر کا آئین و قانون کہتا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) اس کے ساتھ کھڑی ہے۔
 

Advertisement