تاجکستان کے صدر امام علی رحمان اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ بدھ کو پاکستان آئیں گے

Published On 01 June,2021 06:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ بدھ کو پاکستان آئیں گے۔ ان کا یہ دورہ 2 روز کا ہوگا۔

منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کے مابین مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت کی بنیاد پر قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ یہ تعلقات باہمی احترام اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کی مشترکہ خواہش پر قائم چلے آ رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وسطی ایشیا کیساتھ قریبی تعلقات اور تعاون میں اضافے کیلئے پاکستان کے وژن کے تناظر میں تاجکستان اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان تاجکستان کیساتھ تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی، سیکیورٹی اور عوامی روابط کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں قیام کے دوران تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم عمران خان وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت کرینگے۔ فریقین سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی، سیکورٹی اور دفاع، ثقافت، تعلیم اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرینگے۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے مابین متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط متوقع ہیں۔ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقات بھی کرینگے۔

صدر امام علی رحمان 1994ء کے بعد اب تک 9 بار پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔

صدر امام علی رحمان کے حالیہ دورے سے دونوں ملکوں کے مابین طویل المدتی کثیر الجہتی تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔
 

Advertisement