حیدر آباد سے گرفتار ٹارگٹ کلرزکے الزامات، ڈاکٹر فاروق ستار کو شامل تفتیش کر لیا گیا

Published On 04 June,2021 09:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حیدر آباد سے گرفتار ٹارگٹ کلرز کے الزامات پر ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو شامل تفتیش کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں سی ٹی ڈی کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار کو طلبی کے نوٹسز جاری کئے گئے لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔ جبکہ فاروق ستار نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں طلبی کے نوٹسز موصول نہیں ہوئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حیدر آباد سے سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار متحدہ کے تین ٹارگٹ کلرز نے ماضی میں فاروق ستار پر احکامات دینے کے الزامات عائد کئے تھے۔ اس الزام کے بعد کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے حرکت میں آتے ہوئے فاروق ستار کو بھی شامل تفتیش کر لیا تھا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پی آئی بی میں واقع فاروق ستار کے گھر اور نجی ہوٹل میں ان کےعارضی پتے پر نوٹسز بھیجے گئے تھے۔

تاہم فاروق ستار نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے عارضی طور پر کسی ہوٹل میں رہائش اختیار نہیں کی، گھر پر ہی ہوں، کوئی اگر گھر آئے گا تو چائے کی پیالی کے ساتھ ملاقات کرونگا۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ آج دوپہر 12 بجے فاروق ستار کو سی ٹی ڈی سول لائن میں پیش ہونے کا کہا گیا تھا
مگر وہ پیش نہیں ہوئے۔