کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان نیوی اور امریکی بحریہ نے خطے میں محفوظ سمندری ماحول کو یقینی بنانے کے لئے بحری مشقوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس مانٹیری سی جی 61 نے بھی حصہ لیا۔ سمندر میں امریکی اور پاکستان بحریہ کے جہازوں نے مشترکہ طور پر مختلف پیشہ ورانہ اور جنگی مشقیں بھی کیں۔
پاکستان نیوی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ دورہ پیشہ ورانہ طور پر دونوں بحری افواج کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا، امید ہے کہ یہ دورہ دونوں افواج کے مابین تعلقات کو مزید تقویت بخشے گا، پاکستان بحریہ نے حکومتی پالیسی کے مطابق سمندروں میں سلامتی، تحفظ اور نیوی گیشن کی آزادی کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ پاک بحریہ 2004 سے کولیشن میری ٹائم کیمپین پلان میں بھی حصہ لے رہی ہے اور اس وقت خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ مقاصد کے تحت سمندروں کو محفوظ بنانے کے لئے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز بھی انجام دے رہی ہے۔
اس سے قبل امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس مانٹیری سی جی 61 کا کراچی بندرگاہ پہنچنے پر روایتی جوش و جذبے سے استقبال کیا گیا۔