اسلام آباد: (دنیا نوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بجٹ 2021 – 22ء سے واضح ہو گیا کہ ہم نے معیشت کو مستحکم کر لیا ہے، اب ہم اقتصادی حوالے سے گروتھ کی جانب گامزن ہوں گے۔
جمعہ کو بجٹ 2021 – 22ء کے حوالے سے پارلیمنٹ کی راہداری میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس بجٹ سے عیاں ہے کہ ہم نے معیشت کو مستحکم کر لیا ہے اور اب ہم نے گروتھ کی طرف جانا ہے، اس بجٹ میں مراعات اور رعایات دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متوسط طبقے کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے اور غریب طبقے کیلئے بہت سی نئی سکیموں کا اعلان کیا گیا ہے، لوگوں کو اپنے گھر کا مالک بنانے کیلئے پالیسی مرتب کی گئی ہے اور رقم مختص کی گئی ہے، اس بجٹ میں کسانوں کیلئے بہت سی مراعات ہیں جن میں بلاسود قرضوں کی فراہمی شامل ہے تاکہ زراعت کا شعبہ مزید ترقی کرے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہاوسنگ کے شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ یہ “ایکسپورٹ لیڈ گروتھ بجٹ” ہو جبکہ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں آپ دیکھیں گے کہ ہم اقتصادی حوالے سے گروتھ کی جانب گامزن ہوں گے۔