اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ کسی طاقتور کے ساتھ کوئی رعایت برتی جائے نہ لحاظ کیا جائے، کوئی مقدس گائے نہیں، کمزور لوگوں پر رحم کیا جائے، قانون کے نفاذ سے معاشرے میں خوشحالی آتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سیف سٹی ہیڈ آفس کے دورے اور ایگل سکواڈ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کا کام قانون کو نافذ کرنا ہے جس میں ملک میں پولیس اپنا کام صحیح طریقے سے کرتی ہے وہاں خوشحالی آتی ہے کیونکہ معاشرے میں امن ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے نفاذ کا مطلب محض چھوٹے لوگوں کو جیلوں میں ڈالنا نہیں ہے۔ پولیس دیہاڑی دار مزدور اور کمزور طبقے کے ساتھ سختی سے پیش نہ آئے، ان پر رحم کرے، طاقتور کے ساتھ سختی سے پیش آئے اور اسے قانون کے نیچے لائے ،قانون کی عملداری اسی کا نام ہے۔
عمران خان نے پولیس کو تاکید کی اگر میں بھی قانون توڑوں یا کوئی وزیر تو کارروائی کی جائے۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو میں پولیس کے خلاف کارروائی کروں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جس معاشرے میں قانون کی بالادستی ہوتی ہے وہی معاشرہ ترقی کرتا ہے۔ قانون کا نفاذ نہ ہونے سے ہی ہم ترقی میں پیچھے رہ گئے ہیں، جن ملکوں میں پولیس مستعدی اورایمانداری سے کام کرتی ہے وہاں خوشحالی آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا تھا کہ اگر آپ ﷺ کی بیٹی فاطمہ بھی قانون توڑیں گی تو سزا کی حقدار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ترقی نہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے قانون کا طاقتور پر نفاذ نہیں کیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ سیف سٹی منصوبہ کے لئے جس قسم کی مدد درکار ہوگی حکومت فراہم کرے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے یہاں مثالی نظام ہونا چاہئے کیونکہ ساری دنیا کے لوگ اسلام آباد آتے ہیں اس سے ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا۔