سپیکر قومی اسمبلی نے 7 ارکان کے ایوان میں داخلے پر عائد پابندی ختم کر دی

Published On 17 June,2021 01:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز)سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے ہنگامہ آرائی کرنے والے سات ارکان کے قومی اسمبلی کی حدودمیں داخلے پرپابندی ختم کر دی۔

سپیکر نے ہنگامہ آرائی کرنے والے سات ارکان پرگذشتہ روز پابندی لگائی تھی جن میں علی نواز اعوان، عبدالمجید خان اور فہیم خان کا تعلق حکومت سے جبکہ اپوزیشن اراکین میں شیخ روحیل اصغر،علی گوہر،چودھری حامد حمید اور آغارفیع اللہ شامل تھے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے سپیکر کے تازہ فیصلے سے متعلق اراکین اور سکیورٹی کو آگاہ کر دیا گیا۔

سپیکر اسد قیصر نے ارکان پر پابندی معاملات کو سلجھانے اور ماحول خوشگوار رکھنے کیلئے اٹھائی۔ اپوزیشن کی جانب سے گذشتہ روز سپیکر کو بھیجے گئے مراسلے میں ممبران پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیاگیاتھا۔

دریں اثنا حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کو بااختیار بنانے کیلئے کمیٹی کی تشکیل پراتفاق کیا گیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ایوان میں ہنگامہ آرائی سے سبکی ہوئی، فساد نہیں کرنا چاہیے۔ کوشش ہے اسمبلی کی کارروائی احسن طریقے سے چلے۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن سے ڈپٹی سپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی درخواست کی ہے۔