خیبرپختونخوا: سرکاری ملازمین کورونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن سے کترانے لگے

Published On 21 June,2021 03:25 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے سرکاری محکموں میں ویکسی نیشن لگوانے کا رجحان بڑھایا نہ جاسکا۔ صوبہ میں کم و بیش 5 لاکھ سرکاری ملازمین میں اب تک صرف 80 ہزار ملازمین کی ویکسی نیشن ہوسکی۔

خیبرپختونخوا میں مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن لگوانے میں عدم دلچسپی سامنے آئی ہے۔ صوبہ بھر میں کم و بیش 5 لاکھ سرکاری ملازمین ہیں لیکن اب تک صرف 80 ہزار ملازمین کی ویکسی نیشن کی گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین سے متعلق بھی ٹھوس منصوبہ بندی کرے۔

معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ این سی او سی کی واضح ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے، ویکسی نیشن نہ کرانے والے ملازمین کی تنخواہیں روکنے سمیت محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی۔ صوبے کے 20 محکموں کو رواں ماہ 30 جون اور 12 محکموں کو 15 جولائی تک ملازمین کی ویکسی نیشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعد ملازمین کا سرکاری دفاتر میں داخلہ بند کر دیا جائیگا۔
 

Advertisement