اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے نئے سربراہ کا تقرر کر دیا گیا، وزارت داخلہ نے طارق ملک کی بطور چیئرمین نادرا تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے چیئرمین نادرا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن نادرا آرڈیننس 2002ء کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق طارق ملک کو تین سال کے لئے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے رواں ماہ 8 جون کو طارق ملک کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔
طارق ملک پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھی نادرا کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
تاہم مسلم لیگ (ن) کے دور میں اس وقت کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے اختلافات کے باعث انہوں نے چیئرمین نادرا کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔