احساس سکالرشپ پروگرام فیز ٹو، 4083 طلبہ وطالبات کو وظائف دیئے جائیں گے

Published On 21 June,2021 09:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم احساس سکالرشپ پروگرام کے فیز ٹو میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے 4083 طلبہ وطالبات کو 370 ملین روپے کے وظائف دیئے جائیں گے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور احساس سکالرشپ پروگرام حاصل کرنے والی ملک کی ٹاپ یونیورسٹی بن گئی ہے۔

احساس سکالرشپ پروگرام فیز ٹو میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلبہ وطالبات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

مجموعی طور پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے 14000 طلبہ وطالبات احساس سکالرشپ سمیت مختلف وظائف سے مستفید ہو رہے ہیں اور یہ کل تعداد کا 30.43 فیصد بنتا ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے احساس سکالرشپ سکیم میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ہزاروں طلبہ وطالبات کی شمولیت پر وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان اوروزیر اعظم کی خصوصی معاون برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ محترمہ ثانیہ نشتر کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

وائس چانسلر نے احساس سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات اور ان کے والدین کو بھی مبارکباد دی اور اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف فنانشل اسسٹنٹس ڈاکٹر غلام حسن عباسی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔