لندن: (دنیا نیوز) دنیا نیوز یوکے کی چھٹی سالگرہ کے حوالے سے لندن میں ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں معززین علاقہ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا نیوز بلاشبہ اس وقت برطانیہ کا صف اوّل کا چینل ہے جس پر چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود اور ان کی ساری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی میئر آف لوٹن کونسلر محمود حسین، میئر آف سلاو کونسلر محمد نذیر تھے جبکہ سابق میئر آف ہنسلو کونسلر سمیعہ چوہدری، سابق میئر آف سسٹن چوہدری محمد صادق، پیپلز پارٹی کے رہنما میاں سلیم، مسلم (ق) کے صدر چوہدری احسن گھرال، پی ٹی آئی برطانیہ کے رہنما رومی ملک، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ماہر قانون انصر چوہدری کے علاوہ پروفیشنلز اور فلاحی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
تقریب میں دنیا نیوز کے چیف رپورٹر شوکت ڈار نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا نیوز کی کوشش رہی ہے کہ تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو یکساں کوریج دی جائے اور اوورسیز میں بسنے والی پاکستانیوں میں محبت واخوت قائم کیا جائے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ماہر قانون فرحان فرانی، جامعہ مسجد ہنسلو کے منتظم شفیق الرحمن اور نعیم طاہر، یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس کی ڈائریکٹر ساجدہ نواب کا کہنا تھا کہ دنیا نیوز کی ٹیم نے ہمیشہ کمیونٹی کے تمام پروگرامز کو کور کیا یہی وجہ ہے دنیا نیوز ہر گھر میں دیکھا جاتا ہے۔
کونسلرز، میئرز اور سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے دنیا نیوز کو چھ سال کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً اس کامیابی کا سہرا چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود کو جاتا ہے جن کے ویژن کی وجہ سے دنیا نیوز ہر مکتبہ فکر کے لوگوں میں یکساں مقبول ہے اور کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہا ہے۔
تقریب کے اہتمام پر ہیڈ آف انٹرنیشنل نیوز آپریشن اظہر جاوید نے دنیا نیوز کی کامیابی میں تعاون کرنے پر کمیونٹی رہنماوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود کی ہدایات پر دنیا نیوز ہمیشہ کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلا ہے۔ بغیر کسی تفریق کے اوورسیز میں بسنے والے پاکستانیوں کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا دنیا نیوز کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے۔ دنیا نیوز نے ہمیشہ کمیونٹی کو یکجا کرنے کے لئے کوششیں کی ہیں۔
اس موقع پر دنیا نیوز کی چھٹی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تمام معزز مہمانوں نے ہیڈ آف انٹرنیشنل نیوز آپریشن اظہر جاوید کے ساتھ ملکر دنیا نیوز کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔
نمایاں کمیونٹی ورک کرنے پر دنیا نیوز کی طرف سے کونسلرز، میئرز اور دیگر فلاحی تنظیموں کو شیلڈز بھی دی گئیں۔