کراچی: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ سندھ کی عوام نے مینڈیٹ دیا، ان کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے، انہیں پیپلزپارٹی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، سندھ حکومت کو ہر صورت ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سندھ گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر ٹیکس کلیکشن میں ناکامی کا الزام لگایا، ان کو وفاقی حکومت کی ٹیکس کلیکشن کی فکر کیوں ہے ؟ گزشتہ سال سندھ حکومت نے 128 ارب کا ٹیکس ہدف رکھا، سندھ حکومت ٹیکس ہدف ہی عبور نہیں کرسکی، پنجاب حکومت نے ٹیکس وصولی کے ہدف میں اضافہ کیا۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ سندھ سے پیسہ ایان علی کے ذریعے بیرون ملک جاتا تھا، سندھ میں سیوریج کا کام بھی ہمیں کرنا پڑ رہا ہے جو ہمارا نہیں، وفاقی حکومت کے ٹیکس کا 57 فیصد صوبوں کو ملتا ہے، سندھ حکومت کو عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا حساب دینا ہوگا، ہم نے ایک دن بھی این ایف سی میں حصہ کم نہیں دیا، سندھ ہمارا گھر ہے ہم اسے کم پیسہ کیوں دیں گے ہم کوئی ریجنل جماعت تو نہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے کوئی کام نہیں کیا، سندھ پولیس کیلئے بجٹ میں مختص کی گئی رقم خرچ نہیں کی گئی، سندھ کا ٹرانسپورٹ نظام بہتر ہو سکتا تھا مگر توجہ نہیں دی گئی، سندھ میں شعبہ تعلیم کیلئے بجٹ میں رکھی گئی رقم بھی خرچ نہیں کی گئی، سندھ کو گزشتہ برس وفاق کی جانب سے 725 ارب جبکہ رواں برس 884 ارب روپے ملے۔