ایم کیو ایم پاکستان نے ایک بار پھر سندھ حکومت کیخلاف ریلی نکالنے کا اعلان کردیا

Published On 23 June,2021 06:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان نے ایک بار پھر سندھ حکومت کے خلاف 3 جولائی کو کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سے قبل یہ ریلی دو بار منسوخ ہو چکی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالوسیم کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے اس شہر کے ساتھ متعصبانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے۔ ایم کیو ایم لڑائی اور فساد نہیں اس شہر میں بسنے والوں کا حق چاہتی ہے۔

تفصیل کے مطابق کراچی میں ڈی ایم سی سینٹرل ملازمین کی جانب سے احتجاجی اجلاس منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن رابطہ کمیٹی عبدالوسیم نے سندھ حکومت کے خلاف تین جولائی کو کراچی میں ریلی منقعد کرنے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ہر ادارے میں متعصبانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے۔ ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا کراچی کے ساتھ رویہ سوتیلی ماں کا نہیں بلکہ ڈائن کا ہے۔ کراچی کو کوئی ایسی تکلیف نہیں ہے جو سندھ حکومت نے نہ دی ہو۔

رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری نے کہا کہ سندھ حکومت اٹھارویں ترمیم کی آڑ میں مقامی لوگوں کے حقوق کو پامال کر رہی ہے، اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو بلدیہ وسطی کے ملازمین تالا بندی بھی کر سکتے ہیں اور ہڑتال پر بھی جا سکتے ہیں۔