کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں چھٹے روز بھی بحث جاری رہی۔ سپیکر کے بار بار سمجھانے کے باوجود ایم کیو ایم نے شدید احتجاج کیا، اس کے ارکان دھرنا دے کر بیٹھ گئے، پی ٹی آئی کے ارکان نے بھی منحرف رکن شہریار شر کی تقریر پر شورشرابہ کیا اور نعرہ بازی کی۔
سپیکر آغا سراج درانی کی جانب سے دس منٹ کے لئے اجلاس ملتوی کرنے کے باوجود ایم کیو ایم کا احتجاج جاری رہا تو وہ آگ بگولہ ہو گئے۔
اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے بھی اتحادیوں کو منانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا لیکن ناکام رہے۔ پی ٹی آئی کے منحرف رکن اسمبلی شہریار شر نے حکومتی بینچوں سے کھڑے ہو کر بجٹ تقریر شروع کی تو پی ٹی آئی ارکان نے نشست سے کھڑے ہو کر شور شرابہ شروع کردیا۔
ایوان میں آج بجٹ پر بحث مکمل کرنے کیلئے ایم ایم اے، جی ڈی اے، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈرز، صوبائی وزرا، قائد حزب اختلاف اور قائد ایوان کو تقریر کرنا تھی لیکن ایم کیو ایم کے احتجاج کے باعث یہ تقاریر نہیں ہو سکیں۔ جمعہ کو بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔