اپوزیشن اراکین کے خلاف مقدمہ جلد واپس لے لیا جائے گا، ترجمان بلوچستان حکومت

Published On 27 June,2021 04:43 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقات شاہوانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے اراکین کیخلاف مقدمہ درج قانون کے مطابق کیا گیا، ختم بھی قانونی طور پر ہی کیا جائے گا۔

لیاقت شاہوانی کا کوئٹہ میں میڈٰیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان نے ایک تاریخی بجٹ پیش کیا، مگر اپوزیشن نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ اگر اپوزیشن کے ارکین بجٹ سیشن میں شرکت کرتے اور تجاویز دیتے تو اس سے بجٹ میں مزید بہتری لائی جا سکتی تھی۔

ترجمان نے کہا کہ بجٹ میں تمام حلقوں کے یکساں فنڈز رکھے گئے ہیں اور بہت سے منصوبوں پر کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ ایف آئی آر واپس لینے کے لیے چیف سیکرٹری کو سمری ارسال کر دی ہے، جلد ایف آئی آر واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے غریب اور امیر کے لیے قانون الگ الگ تھے، مگر اب سب کے لیے قانون برابر ہے، کسی کو قانون شکنی کرنے کی اجازات نہیں دینگے۔

انہوں نے کورونا کے حوالے سے کہا کہ شہریوں کی جانب سے ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ ہونے سے صوبے میں کورونا کیسزمیں اضافہ ہوا، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ احتیاط کریں تاکہ اس موذی وبا کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، صوبے میں ویکسین کی کمی نہیں ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد کا حکومت سے الگ ہونے کا فیصلہ ذاتی ہے، مگر حکومت کی خواہش ہے کہ وہ دوبارہ حکومت کا حصہ بنیں۔