کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ طارق روڈ پر ایک کولڈ ڈرنک کارنر چلانے والے نابینا بزرگ دکاندار کو کبھی تنک نہ کیا جائے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی صورتحال جاننے کیلئے حکام کے ہمراہ شہر اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ طارق روڈ پر ایک کولڈ ڈرنک کارنر پر رُک گئے۔ اس کولڈ ڈرنک کارنر پر ایک نابینا شخص مشروبات بیچ رہا تھا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق نابینا بزرگ نے اپنے کولڈ ڈرنک کارنر پر ایک بورڈ لگایا ہوا ہے جس میں اپیل لکھی ہے وہ نابینا بوڑھا ہے اس کو کوئی تنگ نہ کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کولڈ ڈرنک خود پی اور اپنے ساتھ صوبائی وزرا اور دیگر دوستوں کو پلائی۔ سید مراد علی شاہ نے کولڈ ڈرنک کے پیسے دینے کے بعد بزرگ شخص کو بتایا کہ میں وزیراعلیٰ سندھ ہوں، آپ کو کون تنگ کرتا ہے؟
* وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شہر کراچی کا اچانک دورہ
— CMHouseSindh (@SindhCMHouse) June 27, 2021
* رحمانی مسجد، طارق روڈ کے پاس ایک کولڈ ڈرنک کارنر پر رُک گئے، ترجمان وزیراعلیٰ سندھ
* کولڈ ڈرنک کارنر پر پٹھان نابینا شخص مشروبات بیچ رہا تھا، ترجمان وزیراعلیٰ سندھ pic.twitter.com/LISo3miidX
اس بزرگ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ پولیس اور انتظامیہ تنگ کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اے ڈی سی ون ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو اسی وقت فون کرکے بزرگ کو تنگ نہ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جب بھی اس بزرگ کے سٹور پر آئیں، ان سے خریداری کریں۔ یہ بزرگ نابینا ہونے کے باوجود اپنے بچوں کیلئے ہلال رزق کما رہا ہے۔ یہ بزرگ شخص محنت کی بہترین مثال ہے، ہمیں اس کی ہمت افزائی کرنی چاہیے۔