وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر کی الوداعی ملاقات

Published On 02 July,2021 09:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ سفیر نے وزیراعظم کو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی جانب سے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔

سفیر نے نوگورنو کاراباخ کے معاملہ اور حال ہی میں آزاد کئے گئے مقبوضہ علاقوں کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر آذربائیجان کے سفیر کو مبارکباد دی اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے میں آذری سفیر کے کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے صدر علیوف کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ اعلیٰ سطح پر تبادلوں کے ذریعے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
 

Advertisement