اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ این سی اوسی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں بھارتی کورونا ویرینٹ کے پھیلنے کا خدشہ ہے، چوتھی لہر کے آغاز کے واضح ابتدائی آثار بھی موجود ہیں۔ ایس او پیز پر ناقص عملداری چوتھی لہرکےپھیلاؤ کاباعث بن رہی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ شادی ہالوں،ریسٹورنٹ اورجم میں ویکسی نیٹڈشرط نظراندازکی جارہی ہے، مالکان نےذمہ داری کامظاہرہ نہ کیاتوان سہولتوں کوبندکرناپڑے گا ۔کورونا کی چوتھی لہرپھیلنے کےواضح آثار سامنے آ رہے ہیں، مختلف اقسام کاپھیلاؤ خصوصاً بھارتی اقسام کاوائرس بھی اہم وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2ہفتے قبل ٹویٹ کیاتھا ہماری آرٹیفیشل انٹیلی جنس ملک میں کوروناکی چوتھی لہرکےامکانات ظاہرکررہی ہے، ایس او پیر پر ناقص عملداری چوتھی لہرکےپھیلاؤ کاباعث بن رہی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 25 افراد جاں بحق ہو گئے، مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 520 ہو گئی ہے، مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ پانچ چھ فیصد رہی۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 35 ہزار573 ہے، مجموعی کیسز کی تعداد 9لاکھ 69ہزار 476 تک پہنچ گئی۔ پاکستان میں مزید ایک ہزار 737 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔