عمران خان حکمرانوں میں سب سے بہتر لگے: مولانا طارق جمیل

Published On 12 July,2021 12:21 pm

مکوآنہ: (روزنامہ دنیا) معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے وزیراعظم کو بہترین حکمران قرار دے دیا۔

میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے کہا میں 1992 سے تمام حکمرانوں سے ملا ہوں سوائے بینظیر شہید کے، عمران خان مجھے ان سب حکمرانوں میں سب سے بہتر لگے، جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو مجھ سے پوچھا کہ اپنی نوجوان نسل کو دین اسلام کی راہ پر کیسے چلاؤں ؟ مولانا مجھے بتائیں کے کیسے میں نوجوانوں کی زندگی اللہ کے نبیﷺ کی طرزز ندگی سے جوڑوں ؟ اور یہ بات اس سے قبل مجھ سے کسی حکمران نے نہیں کی۔

مولانا طارق جمیل نے کہا کہ اس وقت مجھے بڑا عجیب لگا کہ ملک کا وزیراعظم مجھ سے کیا پوچھا رہا ہے، عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کے آپ کے بیان کالجوں میں کراؤں ؟ آپ پاکستانی نوجوانوں کو سمجھائیں۔ اپنی قائم کردہ تنظیم کے متعلق انکا کہنا تھا یہ بھی دین داری کا حصہ ہے ، تجارت نبیوں کا پیشہ ہے ،سارے صحابہ کرامؓ تاجر تھے ، لوگوں میں ایک غلط تصور پایا جاتا ہے کہ ایک عالم دین کو مدرسے میں بیٹھ کرپڑھانا چاہیے وہ دنیا کا کام نہیں کرسکتا۔


 

Advertisement