سیاسی اختلاف کو ختم کرکے ہمیں قانون سازی کرنا ہوگی، وزیر قانون فروغ نسیم

Published On 14 July,2021 06:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے قانون میں ترامیم کرنے کی ضرورت ہے، سیاسی اختلاف کو ختم کرکے ہمیں قانون سازی کرنا ہوگی اور پاکستان میں انصاف سب کیلئے یکساں کو یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کیلئے ہمیں اپنی کوتاہیوں کی نشاندہی کرنا ہوگی، پاکستان کو بین الاقوامی معاہدوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو ایک سیمینار سے خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ لا فیئر کا تصور انسانی تاریخ کی طرح بہت پرانا ہے۔ قانون کو اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے استعمال کرنا لا فیئر ہے۔ مختلف ممالک نے لا فیئر کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ لا فیئر ایسا نظریہ ہے جو کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد سے استعمال میں ہے۔ امریکیوں نے اس کا طریقہ کار تبدیل کیا۔ دوسری جنگ عظیم کےبعد امریکیوں نے نیو ورلڈ آرڈر کے قیام کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ لیبر لاز اچھے ہوتے ہیں تاہم بسا اوقات ان پر عملدرآمد تکلیف دہ ہوتا ہے۔ ہمیں اپنے قانون میں ترامیم کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی اختلاف کو ختم کرکے ہمیں قانون سازی کرنا ہوگی۔ پاکستان میں انصاف سب کیلئے یکساں کو یقینی بنانا ہوگا۔ یقینی طور پر پاکستان کسی لا فئیر کو جارحانہ مقصد کے لیے استعمال نہیں کرے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہم دوسروں کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ مقامی میڈیا سمیت ہمیں بین الاقوامی میڈیا کو آن بورڈ لینا ہوگا۔

وفاقی وزیر فروغ نسیم نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس میں اپوزیشن نے ہمیں قانون سازی نہیں کرنے دی۔ ہمارے پارلیمنٹرینز کو چاہیے کہ ریڈ لائن کو سمجھیں۔ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ ہمارے خلاف سازش ہو رہی ہے۔ حساس معاملات پر اپوزیشن سیاست کرتی ہے۔ وازرت دفاع، وزارت قانون، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، پارلیمان، اٹارنی جنرل آفس اور لبرل سوسائٹی سمیت سب کو مل کر چلنا ہو گا۔ عدلیہ میڈیا اور عوام ملک کیخلاف ہونے والی سازشوں کو سمجھیں ۔
 

Advertisement