رنگ روڈ کی الاٹمنٹ میں ردوبدل کیا گیا، انکوائری رپورٹ میں واضح ہوگیا، شہزاد اکبر

Published On 14 July,2021 10:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ کی انکوائری رپورٹ میں بہت سی چیزیں سامنے آئی ہیں۔ انکوائری رپورٹ سے واضح ہوتا ہے کہ رنگ روڈ کی الاٹمنٹ میں ردوبدل کیا گیا۔

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2020ء والی الانمنٹ 2018ء کی اوریجنل الانمنٹ سے قدرے مختلف تھی۔ رپورٹ کی فائنڈنگ پر کارروائی کرتے ہوئے دو مین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ اینٹی کرپشن پنجاب کی انکوائری کی پہلے فیز میں رپورٹ سامنے آئی ہے جسے وزیراعظم اور چیف منسٹر کو پیش کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے پنجاب حکومت کی طرف سے محکمانہ انکوائری کروائی گئی۔ پنجاب حکومت کی کارروائی کی بنیاد پر اینٹی کرپشن پنجاب کو تفصیلی انکوائری کا کہا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ پراجیکٹ میں کافی نقصان ہو رہا تھا۔ غلط کام کی نشاندہی ہونے پر وزیراعظم نے خود نوٹس لیا تھا۔ وزیراعظم کے نوٹس کے بعد تمام کارروائی کا آغاز ہوا۔

 

Advertisement