باڑ کی تنصیب سے افغانستان سے غیر قانونی آمدورفت ختم ہو جائے گی، میر ضیاء اللہ لانگو

Published On 14 July,2021 10:48 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بارڈر پر باڑ کی تنصیب مکمل ہونے سے افغانستان سے غیر قانونی آمدورفت ختم ہو جائے گی۔

یہ بات انہوں نے چمن میں پاک افغان بارڈر منقسم گاؤں کی آباد کاری کے معاوضے کی رقم کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس کی صدارت کے موقع پر کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان بارڈر سمگلروں کی جنت رہا ہے۔ سمگلنگ کا خاتمہ معیشت میں بہتری کے لئے اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان بارڈر باڑ کو جاننے والوں کو علم ہے کہ اس کو مکمل طور پرپورا کرنا کتنا مشکل اور بڑا کام ہے۔ اتنے بڑے اور مشکل ترین باڑ کو محفوظ بنانا بلاشبہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا اور بڑا کارنامہ ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ باڑ کی تنصیب صوبائی حکومت کے امن وامان سے متعلق سنجیدہ ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ باڑ لگانے کا مقصد دہشت گردوں کی آمدورفت کو روکنا ہے۔

اس موقع پر چمن ٹاسک فورس کمانڈر برگیڈیئر شعیب نے مالکان کو معاوضے کی رقم کی منتقلی اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے مکمل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بارڈر تنصیب کا پہلا فیز تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ بارڈر تنصیب حوالے سے منقسم گاؤں کے مالکان کو 30 فیصد رقم کی ادائیگی بہت جلد کی جائے گی۔
 

Advertisement