پشاور میں کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات، سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا نوٹیفیکیشن جاری

Published On 15 July,2021 06:01 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں عالمی وبا کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات پیدا ہونے کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقوں میں آج 15 جولائی بوقت رات نو بجے سے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جائے گا۔ جن علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے ان میں اخوند آباد، ہزار خوانی روڈ، افضل میڈیکل سنٹر روڈ، ریگی للما اور اعجاز اباد کے علاقے شامل ہیں۔

سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے آمدورفت بند رہے گی۔ وفاقی حکومت کی پالیسی اور ہدایات پر صرف گلیوں اور چھوٹے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے۔ سمارٹ ڈاؤن لگانے کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کی وجہ سے سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا۔ تاہم صرف ضروری اشیائے خورونوش، میڈیسن، جنرل سٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

ان علاقوں کی مساجد میں صرف پانچ افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی۔ علاقہ مجسٹریٹ اور پولیس کو سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود نے سختی سے تاکید کی ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 

Advertisement