اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کے بیانات میں تضاد ہے، ان کے سامنے تمام فوٹیجز رکھی گئی ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا کامران خان کیساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ جہاں جہاں لڑکی گئی تمام فوٹیجز ہمارے پاس موجود ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ لڑکی نے دامن کوہ میں انٹرنیٹ استعمال کیا۔ ہم نے چاروں ٹیکسی ڈرائیورز کا بھی پتا چلا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ معاملے کو بہتر طریقے سے دیکھے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم نے واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے حکم دیا ہے کہ افغان سفیر کے کیس کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے افغان سفیرکی بیٹی کے اغوا کیس کو بہت اچھالا۔ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے اپنے میڈیا کو استعمال کرتا ہے۔
اغوا واقعے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی گھر سے پیدل نکلی، ٹیکسی سے کھڈا مارکیٹ پہنچی۔ لڑکی نے ایف 6 سے گھر جا سکتی تھی لیکن ایف 9 جانے کو ترجیح دی، اس کے کھڈا مارکیٹ سے راولپنڈی جانے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ واقعہ 16 جولائی کو ہوا، رپورٹ کل کیا گیا۔ امید ہے ایک دو روز میں ملزمان گرفتار ہو جائیں گے۔