پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب آگئے

Published On 20 July,2021 08:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، تیز بارش سے ندی نالے بھی بپھر گئے، چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک بچی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

 مون سون رنگ دکھانے لگا۔ ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فیصل آباد، نارووال، جھنگ، چنیوٹ میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ چناب نگر، سانگلہ ہل، پنڈی بھٹیاں میں جھل تھل ایک ہوگیا، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

عیسیٰ خیل میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، نالہ بھپر گیا۔ طغیانی سے متعدد شہروں کے راستے بند ہوگئے۔ سیکڑوں ایکڑ پر فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پنڈدادن خان میں مسلسل موسلا دھار بارش سے برساتی نالے بپھر گئے۔ طغیانی کے باعث غریب وال روال روڈ کئی جگہوں سے بہہ گئی، مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

میانوالی میں بارش سے چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر بچی جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔ بارشوں اور طغیانی سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے، مکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی۔

 

Advertisement