لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں بارش نے پھر جل تھل ایک کر دیا، نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا، اسلام پورہ مین بازار میں بارشی پانی نے عید کا مزہ کرکرا کردیا۔
لاہور میں صبح سویرے ہونے والی موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا، بادل کھل کر برسے تو نشیبی علاقے زیر آب آگئے، رہائشیوں کا عید کو مزہ کرکرا ہوگیا۔
بارشی پانی جمع ہونے سے نشیبی علاقوں میں گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے، اسلام پورہ مین بازار میں تاحال بارشی پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، مین بازار میں پانی کھڑا ہونے کے باعث شہری سنت ابراہیمی کی ادائیگی بھی نہ کرسکے، انتظامیہ کی نااہلی نے ابر رحمت کو اسلام پورہ کے رہائشیوں کے لیے زحمت بنا دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ہر سال یہی صورت حال رہتی ہے سیوریج کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے، متعدد بار حکومتی نمائندوں سے درخواست کرچکے ہیں مگر کوئی بات سننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صبح سے قصاب چکر لگا رہے ہیں مگر پانی کی وجہ سے قربانی نہیں ہوسکی۔
محکمہ موسمیات نے عید کے موقع پر پر بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔