کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں سے کراچی کے عوام کی جانب سے کورونا ویکسی نیشن میں زبردست اضافہ ہوا ہے، لوگوں کا رجحان ظاہر کرتا ہے کہ موبائل سم کارڈ لوگوں کیلئے کتنے اہم ہیں، عوام احتیاط کریں اور ماسک باقاعدگی کیساتھ پہنیں۔
ادھر وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کا اجلاس ہوا جس میں کراچی کی بگڑتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاو پر تشویش کا اظہار کیا۔ این سی او سی نے کراچی میں وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ہر ممکن مدد کا فیصلہ کیا ہے۔
Over the last few days, the number of people getting vaccine in #Karachi has tremendously increased. Shows how inportant mobile sims are for people. Now if only u can #WearMask regularly. Thank u
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) July 30, 2021
این سی او سی نے کہا کہ تشویشناک مریضوں کی دیکھ بھال کرنے کی استعداد کار بڑھائے جا رہے ہیں، آکسیجنیٹڈ بیڈز، وینٹی لیٹرز اور آکسیجن فراہمی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ایس او پیزعملدرآمد کیلئے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں تعیناتی میں مدد کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 86 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 295 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 24 ہزار 861 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 537 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 55 ہزار 483، سندھ میں 3 لاکھ 77 ہزار 231، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 43 ہزار 213، بلوچستان میں 30 ہزار 162، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 8، اسلام آباد میں 86 ہزار 945 جبکہ آزاد کشمیر میں 23 ہزار 819 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 59 لاکھ 36 ہزار 674 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 58 ہزار 203 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 38 ہزار 843 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 117 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 86 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار 295 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 19، سندھ میں 5 ہزار 947، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 444، اسلام آباد میں 799، بلوچستان میں 327، گلگت بلتستان میں 137 اور آزاد کشمیر میں 622 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔