کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کراچی شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفرسسٹم کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفرسسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک درست سمت میں گامزن، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بہت کم ہوگیا، معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، کوشش کررہے ہیں اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں۔ منی لانڈرنگ تمام ترقی پذیر ممالک کا مسئلہ ہے جسے روکنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے، ہم نے اپنی قوت کو نہیں پہچانا، اللہ تعالی بھی مضبوط عزم رکھنے والی قوموں کا ساتھ دیتا ہے۔ ہم نے آسان ذرائع پر انحصار کرنا شروع کر دیا تھا، جس تیزی سے پاکستان نے آگے بڑھنا تھا نہیں بڑھا۔ خوشی ہے ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعظم ایک روزہ سرکاری دورے پر آج کراچی میں موجود ہیں جہاں وہ مصروف دن گزاریں گے۔ کراچی شپ یارڈ تقریب کے بعد وزارت بحری امور کے تحت منعقدہ اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں وزارت بحری امور کے تحت جاری منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیر اعظم سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ عمران خان بلوچستان میں ضلع لسبیلہ میں گرین پاکستان کی تقریب میں شریک ہونگے۔