لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی ترجیحات صرف ذاتی نمود و نمائش تھی، ہم ذاتی نمائش پر نہیں بلکہ صرف کام پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے دعوے کم اور کام زیادہ کئے ہیں۔
وزیراعلی پنجاب سے ڈیرہ غازی خان اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے وفود نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے وفود کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ لوگوں کے مسائل کو ذاتی مسئلہ سمجھ کر حل کرتا ہوں، عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے شہروں کے دورے کر رہا ہوں، ماضی کی حکومت نے پسماندہ اضلاع سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اب پنجاب کے پسماندہ اضلاع ترقی کی دوڑ میں شامل ہوچکے ہیں، اپنے قائد وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت وسائل کا رخ پسماندہ اضلاع کی جانب موڑا ہے، ترقی پنجاب کے ہر ضلع کا حق ہے، اب حالات ماضی کی طرح صرف حکمرانوں کے نہیں بلکہ عوام کے حالات بدل رہے ہیں۔