کراچی: کیمیکل فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی، 16 افراد جھلس کر جاں بحق

Published On 27 August,2021 01:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاون میں واقع کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے 16 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

بتایا گیا ہے کہ کیمیکل فیکٹری میں معمول کے مطابق کام جاری تھا کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ریسکیو حکام کے مطابق 15 سے 20 مزدور فیکٹری کے اندر کام کر رہے تھے، فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاہم دھواں بھرنے سے اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے، آگ کو تیسرے درجے کا قرار دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق فیکٹری سے 16 لاشیں نکالی گئی ہیں جو تمام جھلسی ہوئی ہیں، مرنے والوں میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ امدادی کارروائی کے دوران فلاحی ادارے کا رضا کار بھی زخمی ہو گیا، لاشوں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہو سکا تاہم ابتدائی اندازوں کے مطابق کیمیکل کے آگ پکڑنے سے خوفناک حادثہ پیش آیا۔

شہریوں نے الزام عائد کیا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اطلاع کے باوجود تاخیر سے پہنچیں، فیکٹری سے باہر نکلنے کا کوئی ایمرجنسی راستہ نہیں تھا۔

 

 

Advertisement