کراچی: (دنیا نیوز) شہر میں موسلا دھار بارش کے بعد دوسرے روز شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ سمیت اہم شاہراہوں سے پانی کی نکاسی مکمل کرلی گئی، لیاقت آباد انڈر پاس سمیت نشیبی علاقوں میں اب بھی پانی جمع ہے، بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے چار سالہ بچی سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
ہفتہ کی صبح شہر کی مرکزی شاہراہوں ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، شاہراہ فیصل، کوریڈور تھری سے پانی کی نکاسی کرکے ٹریفک کیلئے کلیئر کر دیا گیا۔ لیاقت آباد انڈر پاس، گلبرگ چورنگی، لیاقت آباد فلائی اوور، ملیر کالا بورڈ، قیوم آباد چورنگی سمیت شہر کے مختلف نشیبی مقامات پر پانی جمع ہے جس کی نکاسی کیلئے ٹیمیں کام کررہی ہیں، نارتھ ناظم آبادحیدی، گلستان جوہر، شاہراہ قائدین سمیت بعض علاقوں میں بارش کا پانی نکال لیا گیا۔
بارشوں سے بیشترعلاقوں میں متاثر ہونے والی بجلی کی فراہمی بھی معمول پر آگئی، بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوئے۔
کلفٹن میں کرنٹ لگنے سے پہلی جماعت کی طالبہ چار سالہ تانیہ جاں بحق ہوگئی۔ تانیہ کے والد کے مطابق بدقسمت تانیہ گھر کے باہر بارش کے پانی میں کھیل رہی تھی۔ شام کے وقت کھمبے پر اسپارک ہوا تھا تاہم شکایت کے باوجود کے الیکٹرک نے کارروائی نہیں کی۔
بلدیہ عابدآبادمیں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے یاسین، لیاقت آباد شریف آبادمیں کرنٹ لگنے سے محمد صابرجاں بحق ہوگیا، لائٹ ہاوس کے قریب کرنٹ لگنے سے ساجد لودھی نامی شخص انتقال کرگیا۔
پولیس کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے متوفی چپل گلی میں بجلی کے بلب چوری کر رہا تھا، بارش کے باعث جگہ گیلی ہونے سے اسے کرنٹ لگا، باغ کورنگی میں کرنٹ لگنے سے بھی ایک شخص جاں بحق ہوا ریسکیو زرائع کے مطابق بارش کے پانی میں کرنٹ آرہا تھا۔۔