اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی قابض فورسز کی جانب سے ممتاز کشمیری رہنما سید علی گیلانی مرحوم کے سوگوار خاندان کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کے ان بے مثال مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور غیر انسانی، انصاف کے منافی اور غیر قانونی کاروائیوں کیلئے بھارت کا احتساب کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سید علی گیلانی کو ان کی مرضی کے مطابق اہلخانہ کو تدفین کے حق سے محروم کرنے کے بعد بھارتی قابض فورسز نے بے بنیاد الزامات کے تحت سید علی گیلانی کے خاندان کیخلاف کیسز رجسٹرد کر کے ہراسگی کا سلسلہ مزید تیز کر دیا۔
ترجمان نے کہا کہ سید علی گیلانی کے خاندان کیساتھ بھارتی بد سلوکی ان کے ایجنڈے کا حصہ ہے،تاکہ وہ کشمیریوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے مطالبے سے روک سکے لیکن بھارت اس میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ کشمیری عوام کا عزم دن بدن مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔