اسلام آباد: (دنیا نیوز) فارن سروس کے سینئر افسر اور سفارتکار عاصم افتخار احمد کو وزارت خارجہ کا نیا ترجمان مقرر کر دیا گیا ہے، ان کے پیشرو زاہد حفیظ چودھری آسٹریلیا میں نئے پاکستانی ہائی کمشنر مقرر کیے گئے ہیں۔
عاصم افتخاراحمد وزارت خارجہ میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ دو دہائیوں سے زائد کا تجربہ رکھنے والے عاصم افتخار وزارت خارجہ میں مختلف اہم عہدوں پر تعینات رہنے کے علاوہ بیرون ممالک سفارت کاری کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
عاصم افتخار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن میں بطور قونصلر، نائجر میں پاکستانی سفارت کے ناظم الامور کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ انڈونیشیا میں بطور سفیر پاکستان بھی فرائض ادا کر چکے ہیں۔