جامع سیاسی تصفیہ ہی افغان تنازعہ کا بہترین حل ہے، دفتر خارجہ

Published On 20 August,2021 08:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ جامع سیاسی تصفیہ ہی افغان تنازعہ کا بہترین حل ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے پاکستان افغانستان اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ رابطوں میں ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی آئندہ حکومت پر زور دے گا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ افغانستان میں ایک جامع سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے اس مقصد کے حصول کے لیے پاکستان افغانستان سمیت بین الاقوامی برادری کے تمام فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن اور مفاہمت کے حوالے سے عالمی برادری اور پاکستان یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور اگر کوئی بھی ملک امن اور مفاہمتی عمل کے خلاف کام اور وہاں عدم استحکام پیدا کرے گا اسے بین الاقوامی تنہائی کا سامنا کرنا ہو گا۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ بھارت نے افغانستان میں دہشت گردوں کے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرکے افغانستان میں سپائیلر کا کردار ادا کیا ہے تاکہ اسے پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے اور اس مقصد کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کے بارے میں ناقابل تردید ثبوت دنیا کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔افغانستان میں امن کوششوں کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی صحافیوں سمیت بین الاقوامی برادری کے ارکان کو ضروری خدمات فراہم کر رہا ہے۔

ترجمان نے افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے اور لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق طالبان کے بیان کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ عالمی برادری افغانستان کی تعمیر نو اور قیام امن کے لئے آگے بڑھے اور افغانستان کے ساتھ تعاون کرے۔