اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے کابل کے دورہ کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔
تفصیل کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے وزیر خارجہ کے دورہ کابل کے حوالہ سے بعض میڈیا رپورٹس بارے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اس وقت تک وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا دورہ کابل کا کوئی پروگرام طے نہیں کیا گیا اور اس حوالہ سے پھیلائی جانے والی افواہیں اور خبریں بے بنیاد ہیں۔
دوسری جانب الجزیرہ ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے نقطہ چینی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن عمل میں شراکت دار بننا چاہتا ہے اور موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ قابل اعتماد سہولت کار ثابت ہو سکتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کابل سے غیر ملکیوں کے انخلا میں تعمیری اور مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور کابل میں اس کا سفارتخانہ لوگوں کی سہولت کیلئے چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ،مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے جو علاقائی روابط کے فروغ کیلئے ناگزیر ہے۔ پاکستان افغانستان میں ایک ایسی جامع حکومت کے قیام کا بھی خواہشمند ہے جو انسانی حقوق کا احترام کرے اور افغان قیادت کے ابتدائی بیانات سے اسی طرح کی ایک نئی سوچ کا اشارہ ملتا ہے۔