اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق سید محمد علی حسینی نے پیشہ ورانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔
ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے ۔
سربراہ پاک فضائیہ نےکہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔