جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد، ڈیڈ لاک برقرار، سنجرانی ناراض ارکان کو نہ منا سکے

Published On 17 September,2021 05:55 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، چئیرمین سینٹ کی ناراض ارکان کو منانے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہو گئی۔

بلوچستان میں جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد سیاسی ماحول گرم ہے، ناراض اراکین کو منانے کا سلسلہ جاری ہے، سینٹر کہدہ بابر کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں بھی بات نہ بن سکی اور چئیرمین سینیٹ کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا رہا۔ سپیکر بلوچستان اسمبلی اور ناراض ارکان مائنس ون فارمولے پر ڈٹے رہے۔

چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ مایوس نہیں ہیں، منانے کی کوشش جاری ہے، ناراضگیاں جمہوریت کا حصہ ہیں، ظہرانے کے بعد مصالحتی کمیٹی وزیراعلی بلوچستان سے ملاقات کے لیے روانہ ہو گئی۔

ادھر پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی سربراہ سردار یار محمد رند کی زیر صدارت پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں نصیب اللہ مری، بابرموسی خیل، عمرجمالی، نعمت اللہ زہری، مبین خلجی اوربی بی فریدہ شریک ہوئیں۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی اکثریت جو فیصلہ کرے گی ان کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے میں اکثریتی جماعت اور پی ٹی آئی کی اتحادی ہے، امید ہے کہ بی اے پی کے اراکین موجودہ سیاسی صورتحال میں مثبت فیصلہ کریں گے۔

Advertisement