تمام صوبوں کا احترام لازم، وسائل عوام تک پہنچانا ہوں گے: شہباز شریف

Published On 19 September,2021 02:27 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام صوبوں کا احترام لازم ہے، وسائل عوام تک پہنچانا ہوں گے، جمہوریت کے فروغ کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کراچی میں اختر مینگل سے ملاقات کی اور ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر لیگی رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عطااللہ مینگل کے انتقال پر تعزیت کیلئے حاضر ہوئے ہیں، 58 ٹوبی کے تحت کئی حکومتوں کا بوریا بستر گول کیا گیا، آئین سے 58 ٹو بی کا خاتمہ 1997 میں ہوا، اس شق کو ختم کرنے کیلئے سردار عطااللہ مینگل کا کلیدی کردار تھا، سردار عطااللہ مینگل کی جمہوریت کے لیے گرا نقدر خدمات ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عطااللہ مینگل کو تاریخ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی، سردار عطااللہ مینگل نے ساری عمر جمہوریت کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پانی اور بجلی کا مسئلہ ہے، بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، تمام صوبوں کے عوام کا احترام اور ان تک وسائل پہنچانے ہوں گے، قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر کیلئے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

 لیگی صدر نے اس کے بعد مفتاح اسماعیل کے گھر کا رخ کیا، جہاں دوپہر کے کھانے پر سیاسی اور پارٹی معاملات پر گفتگو ہوئی، تاہم میڈیا سے بات کیے بغیر شہباز شریف نجی ہوٹل روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے لیبر ونگ، کراچی ڈویژن اور کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدوارں سے مختلف امور پر بات چیت کی۔

لاہور روانگی سے قبل کراچی ائیرپورٹ خاتون شہری نے لاہور میں کچرے مسائل پر شہباز شریف سے شکایت کی۔ ایک روزہ دورے میں احسن اقبال، سعد رفیق، مریم اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ اور دیگر شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔