اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا صورتحال میں حکومتی مثبت پالیسیوں سے بڑے پیمانے کی صنعت میں خاطر خواہ ترقی خوش آئند ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملکی صنعتی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جبکہ کراچی میں 1500 ایکڑ پر محیط صنعتی زون کی تعمیر پر پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت روزگار کی فراہمی کیلئے چھوٹی اور درمیانی صنعت کو سہو لت دے رہی ہے۔۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا صورتحال میں حکومتی مثبت پالیسیوں سے بڑے پیمانے کی صنعت میں خاطر خواہ ترقی خوش آئند ہے، صنعتوں کی پوری استعداد پر چلنے سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔