لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ ن کے انکار کے باوجود کرکٹ ٹاکرے کے میچز کرانے کا اعلان کر دیا۔ حکومت کے مقابلے میں پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کے بغیر ہی اپنے ارکان اسمبلی کی ٹیم تیار کرلی۔
حکومت پنجاب اور اپوزیشن کے درمیان شیڈول کے مطابق 9 اکتوبر کو گورنر ہاوس میں کرکٹ ٹاکرا ہوگا۔ مسلم لیگ ن نے حکومتی رویے کے خلاف احتجاجا اپوزیشن ٹیم میں اپنے کھلاڑی دینے سے انکار کر دیا تھا تاہم پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کے بغیر ہی اپنے ارکان کی ٹیم تیار کرلی ہے۔ پیپلزپارٹی نے اپنی کرکٹ ٹیم میں ارکان پنجاب اسمبلی کے ساتھ ارکا ن قومی اسمبلی کو بھی شریک کرلیا جبکہ آزاد ارکان اسمبلی کو بھی اپوزیشن ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
حکومتی ٹیم کے کپتان فیاض الحسن چوہان اور اپوزیشن ٹیم کے کپتان سید حیدر علی گیلانی کل پریس کانفرنس کریں گے۔ فیاض الحسن چوہان اور حیدر گیلانی کل اپنی اپنی ٹیموں کے کھلاڑیوں کا اعلان کریں گے۔ کرکٹ ٹاکرے میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویزالہی مہمان خصوصی ہوں گے، حکومت اور اپوزیشن ٹیموں کے درمیان تین میچز کھیلے جائیں گے۔