ملتان:(دنیا نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن ہماری اولین ترجیح ہے،افغانستان میں امن ہوگا تو خطہ میں امن ہوگا،افغانستان میں قیام امن کی ہماری کاوشیں دنیا دیکھ رہی ہے جبکہ پاکستان افغان امن عمل سمیت خطہ میں امن واستحکام کے لیے کوشش جاری رکھے گا۔
ملتان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ . پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی واخلاقی معاونت جارے رکھنے کے لیے پرعزم ہے،کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کی مشکلات کو عالمی سطح پراجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ قابض بھارتی افواج کے ظلم وستم اور جنگی جرائم کے ناقابل تردید شواہد پرمبنی ڈوزیردنیا کے سامنے رکھے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا نے دنیا کی طاقتور معیشت کو بری طرح متاثر کیا،خطہ میں دیر پا امن کے لیے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،پاکستانی معیشت حوصلہ افزا معاشی اعشاریوں سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ پاکستانی قوم دہشتگری، کورونا جیسے چیلنجز پرقابو پاکر مضبوط قوم ابھری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ایک خوشحال ملک کے طور پر ابھر رہا ہے،ملک میں زرعی اور درآمدات کے شعبہ میں نمایا ترقی ہورہی ہے،حکومت کی موثر پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی ترقی عوامی مفاد میں جاری رہے گی، بیرون ملک مقیم پاکستانی کیمونٹی کی فلاح وبہبود ہماری اولین ترجیح ہے جبکہ ہمارے سفارت خانے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔