لاہور: (دنیا نیوز) بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کی استعداد کار بڑھانے، بلوچ لیویز کی کمانڈ پنجاب پولیس کو دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ او رکمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں بارڈرملٹری پولیس او ربلوچ لیویز کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام کے تحفظ کیلئے بارڈر ملٹری پولیس او ربلوچ لیویز کو پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی- ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے قبائلی علاقوں کے عوام کاتحفظ یقینی بنائیں گے- بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنائیں گے-
انہوں نے کہا کہ بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویزکو جدید اسلحہ دیاجائے گا- بھرتیوں کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔ بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کو عوام کے جان ومال کی حفاظت کے لئے ممکنہ وسائل فراہم کریں گے-