لاہور: (دنیا نیوز) جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کا معاملہ، گورنر پنجاب آج یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر سے ملاقات کریں گے۔ یورپی پارلیمنٹ کے مزید 11 ارکان سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور آج یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو کسٹالدو سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں بیلجیئم میں پاکستان کے سفیر ظہیر جنجوعہ اور ای یو پاک فرینڈشپ کے چیئرمین پرویز اقبال لوسر بھی شریک ہوں گے۔
ڈاکٹر فابیو کسٹالڈو سے ملاقات میں پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس میں توسیع کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔ افغان امن عمل، مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر بھی بات ہوگی۔ گورنر پنجاب افغان امن میں پاکستانی کردار بارے آگاہ کریں گے۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع پاکستان کا حق ہے، جو ہر صورت ملنا چاہئے، یورپی یونین کی تمام شرائط پر پاکستان مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے گا، ڈاکٹر فابیو نے پہلے بھی پاکستان کا ساتھ دیا، اب بھی ہمارے مؤقف کے ساتھ ہوں گے۔
چودھری سرور نے پہلے روز اہم کمیٹیوں کے سربراہوں سمیت 7 ارکان یورپی پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں۔ گورنر پنجاب فرانس، جرمنی، یونان ، اسپین کے ارکان یورپی پارلیمنٹ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ پولینڈ اور رومانیہ کے ارکان پارلیمنٹ کے سامنے بھی جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔
گورنر پنجاب بیلجیئم میں پاکستان کے سفیر کی جانب سے استقبالیہ میں شریک ہوں گے اور پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے۔