اسلام آباد: (دنیا نیوز) انتخابی اصلاحات سمیت دیگر معاملات پر اتفاق رائے کے لیے بلایا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس مؤخر کر دیا گیا، اجلاس ملتوی ہونے کی اندورنی کہانی سامنے آ گئی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے اتحادی بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر مطمئن نہ تھے جس کے باعث اتحادیوں نے ووٹنگ مشین پر تفصیلی بریفنگ کا مطالبہ کر دیا۔
اتحادیوں کی طرف سے بلائے گئے ظہرانہ میں صرف وزیراعظم عمران خان نے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے ووٹنگ مشین اور دیگر ایشوز ہر ارکان کو اعتماد میں لیا، کھانے کے بعد اتحادی اور حکومتی سینئر وزرا میں بات چیت ہوئی، اتحادیون نے ای وی ایم پر وقت مانگ لیا۔ اتحادیوں کے وقت مانگنے کے پیش نظر اجلاس موخر کیا گیا۔
یاد رہے کہ ٹویٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات ملک کے مستقبل کا معاملہ ہے، ہم نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں کہ ان معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہو، اس سلسلے میں سپیکر اسد قیصر کو اپوزیشن سے ایک بار پھر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے تا کہ ایک متفقہ انتخابی اصلاحات کا بل لایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کو اس مقصد کیلئے موْخر کیا جا رہا ہے۔ ہمیں امید ہے اپوزیشن ان اہم اصلاحات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ہم پاکستان کے مستقبل کیلئے ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر پائیں گے، تاہم ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہم اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔